اسلام آباد، 20؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )کشمیری عوام کے لوگوں کے تئیں ہمدردی کا اظہار کرنے کے لیے ’یوم سیاہ ‘منائے جانے کے ساتھ پاکستان کے وزیر اعظم نوازشریف نے آج کہا کہ کشمیر ہندوستان کا داخلی مسئلہ نہیں ہے اور کشمیریوں کے حقوق کا احترام کرتے ہوئے وہاں ریفرنڈم کرایا جانا چاہیے ۔اپنے پیغام میں نواز شریف نے کہاکہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے لیے آج ہم یومِ سیاہ منارہے ہیں اوردنیا کوایک بڑاپیغام دے رہے ہیں کہ اپنے حقوق کو حاصل کرنے کی کشمیریوں کی جدوجہد میں پاکستا ن ان کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان طاقت کے دم پرکشمیریوں کی آواز کو نہیں دباسکتااورآخر کارانہیں آزادی ملے گی۔اقوام متحدہ نے کشمیر کو ایک متنازعہ علاقہ قرارددے رکھا ہے اور ہندوستان کو کشمیریوں کے حقوق کا احترام کرتے ہوئے ریفرنڈم کرانا چاہیے۔مسئلہ کشمیر کو ہندوستان کا اندرونی مسئلہ بتایا جانا مناسب نہیں ہے۔شریف نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں ہندوستان نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے جو عالمی برادری کے لیے شدید تشویش کا موضوع ہے۔انہوں نے ماضی میں سبھی متعلقہ محکموں کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر کشمیر کا مسئلہ اٹھانے کی ہدایت دی تھی۔